بنگلورو،4اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ملک میں بڑھتے ہوئے سماجی ومعاشی عدم تعاون کو تشویشناک قرار دیا ہے، اور مرکزی حکومت کی طرف سے منصوبہ بندی کمیشن کو منسوخ کئے جانے کے فیصلے کو غلط قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کیلئے نئی سماجی اور معاشی پالیسیوں کو اپنانا ضروری ہوچکا ہے۔آج شہر میں ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر اسکول آف ایکنامکس میں تعلیمی سلسلہ کی شروعات کیلئے منعقدہ تقریب سے مخاطب ہوکر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ریاست میں معاشی ڈسپلن کو برقرار رکھنے پر وزیر اعلیٰ سدرامیا کی توصیف کی ۔ انہوں نے کہاکہ سماجی انصاف کے تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ مالیاتی نظام کو قابو میں رکھنے کا جو کارنامہ سدرامیا نے انجام دیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے12؍ بجٹ پیش کرنے کے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے حال ہی میں 8165کروڑ روپیوں کے وہ قرضہ جات معاف کئے جو کو آپریٹیو اداروں سے کسانوں نے حاصل کئے تھے، اس کے باوجود بھی ریاست کی معاشی صورتحال صحت مند ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلی یو پی اے حکومت کی طرف سے لاگو کئے گئے غذائی تحفظ قانون کو وزیر اعلیٰ نے کامیابی کے ساتھ لاگو کرتے ہوئے ملک کیلئے مثالی انا بھاگیہ اسکیم لاگو کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے میدان میں کرناٹک ملک کی سب سے بہترین ریاست ہے۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سدرامیا نے معاشی دسپلن کو برقرار رکھنے کیلئے سابق وزیر اعظم کی مبارکبا دپر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ منموہن سنگھ جیسے ماہر معاشیات کی طرف سے توصیف ان کیلئے ایک انعام سے کم نہیں۔ اس موقع پر ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر ڈاکٹر سی رنگا راجن نے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وجہ سے فلاحی اسکیموں کا نفاذ متاثر ہورہا ہے اور کارپوریٹ اور صنعت کار طبقے کو اپنی تجارت آگے بڑھانے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول بنانے پر زور دیا۔ وزیر برائے اعلیٰ تعلیمات بسوراج رایا ریڈی نے اس موقع پر کلیدی خطبہ پیش کیا، تقریب میں وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ ، وزیر صنعت آر وی دیش پانڈے ، وزیر تعمیرات عامہ ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا ، وزیر ترقیات بنگلور کے جے جارج ، وزیر سماجی بہبود ، ایچ آنجنیا، وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی، وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا، وزیر ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا ، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور، چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹیا وغیرہ موجود تھے۔